حیدرآباد: تلنگانہ میں آئندہ تین دنوں تک موسلا دھار بارش Telangana Rainکا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر انڈین میٹیورولوجیکل ڈپارٹمنٹ (محکمہ موسمیات) نے ریاست بھر کے لیے یلو الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، خلیج بنگال پر سطحی گردش اور ایک نچلی سطح کی ہوائی نالی (ٹرف) کے باعث ریاست میں بارش کا نظام سرگرم ہے۔ اس کے تحت تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے کئی اضلاع میں پہلے ہی کہیں ہلکی تو کہیں شدید بارش ہو چکی ہے۔
پیر کے روز حیدرآباد میں دوپہر سے شام تک مسلسل تیز بارش ہوئی، جس کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ حیدرآباد سمیت ریاست کے بیشتر اضلاع میں آئندہ دنوں کے دوران درمیانی سے شدید بارش کا امکان ہے۔ اگر ٹرف کی شدت میں اضافہ ہوا تو اورنج الرٹ بھی جاری کیا جا سکتا ہے۔
بارش کے ساتھ 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جھکڑ چلنے اور گرج چمک کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔
متاثرہ اضلاع میں حیدرآباد، رنگا ریڈی، سنگاریڈی، میڑچل- ملکاجگیری، محبوب نگر، ونپرتھی، ناگرکرنول، نارائن پیٹ، جوگولامبا گدوال، جیا شنکر بھوپال پلی، مُلُگ، بھدرا دری کوتہ گوڑم، کھمم، سوریا پیٹ، نلگنڈہ، ورنگل، محبوب آباد، ہنمکنڈہ، جنگاؤں، سدّی پیٹ، یادادری بھونگیری، وقارآباد، میدک، اور کاماریڈی شامل ہیں۔
حکام نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آندھی، بجلی اور مسلسل بارش کے امکانات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































