حیدرآباد: سلطان بازار پولیس نے بین الریاستی Shutter-Lifting Gangکو بے نقاب کرتے ہوئے 8 لاکھ روپئے نقد اور چھ موبائل فون برآمد کر لیے۔ یہ گینگ 3 اور 4 اگست کی درمیانی رات کو کوٹھی کی گجراتی گلی میں واقع ایک موبائل شاپ میں نقب لگا کر 9 لاکھ روپئے لے کر فرار ہو گیا تھا۔
ملزمین میں جیسارام (32)، ناگا جی رام (30)، لیلارام (31)، لکشمنارام عرف شروان (34)، جبارا رام (34) اور پارسا رام (30) شامل ہیں۔ ان میں سے بیشتر راجستھان کے ضلع جالور سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ بعض گجرات اور حیدرآباد میں مقیم ہیں۔
تحقیقات کے مطابق، چھٹے ملزم پارسا رام نے پہلے ملزم جیسارام کو اطلاع دی کہ لکشمی موبائلز میں اتوار کے دن بڑی رقم رکھی جاتی ہے۔ اس اطلاع پر پہلے پانچ ملزمین 3 اگست کو راجستھان اور گجرات سے ٹرین کے ذریعے حیدرآباد پہنچے، دلسکھ نگر کے آنیسٹ لاج میں قیام کیا اور دکان کا جائزہ لیا۔ رات میں انہوں نے گرل اور شٹر کے تالے توڑ کر کاؤنٹر سے رقم لے لی۔
دکان کے مالک مسارا رام دیواسی نے اگلی صبح چوری کا پتہ چلتے ہی شکایت درج کرائی۔ پولیس نے مقدمہ (Cr.No.174/2025، سیکشن 331(4)، 305 بی این ایس) درج کیا اور ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایسٹ زون کی ہدایت پر اسپیشل ٹیم تشکیل دی۔ ڈیٹیکٹیو انسپکٹر پی۔ دھرم راؤ کی قیادت میں ٹیم نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمین کو آنیسٹ لاج سے 10 اگست کو گرفتار کر لیا۔
تحقیقات میں ملزمین نے جرم کا اعتراف کر لیا۔ پولیس نے 8 لاکھ روپئے نقد اور چھ موبائل فون برآمد کر لیے۔ حکام کے مطابق، پہلے تین ملزمین مہاراشٹرا میں 5.79 کروڑ روپئے کے زیورات کی چوری (Cr.No.1182/2024، ناؤپاڑا پولیس اسٹیشن) میں ملوث تھے، جبکہ پہلا ملزم 2021 میں نظام آباد کے ایک اٹینشن ڈائیورشن کیس میں بھی شامل رہا ہے۔
ڈی سی پی ڈاکٹر بی۔ بالاسوامی، آئی پی ایس، نے فوری کارروائی پر ٹیم کی تعریف کی۔ ایڈیشنل ڈی سی پی جے۔ نرسیّا، اے سی پی ایم۔ متیّا اور ایس ایچ او کے۔ نرسمہا نے آپریشن کی نگرانی کی۔ کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو انعامات دیے جائیں گے۔


















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































