حیدرآباد ۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے ریاستی مخفف ’ٹی ایس‘ کو بدل کر ’ٹی جی‘ کرنے کے بعد حیدرآباد پولیس نے اپنی گاڑیوں پر نئی نمبر پلیٹس نصب کر لیں۔ اس ری برانڈنگ ڈرائیو کے تحت 188 سرکاری Police Vehicles کو اپ گریڈ کیا گیا۔
پولیس کمشنر سی وی آنند نے ہدایت دی تھی کہ تمام پرانی نمبر پلیٹس ہٹا کر نئی پلیٹس لگائی جائیں اور گشتی و پولیس اسٹیشن کی گاڑیوں کی مرمت کی جائے۔ سٹی آرمڈ ریزرو (سی اے آر) ہیڈکوارٹر نے یہ کام انجام دیا جس کے دوران گاڑیوں کی پالشنگ، ڈینٹنگ، پینٹنگ، انجن سروسنگ اور ہارڈ ویئر اپ گریڈ مکمل کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (سی اے آر ہیڈکوارٹر) کے مطابق ان کاموں پر تقریباً 1.6 کروڑ روپۓ خرچ ہوئے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 134 گشتی گاڑیوں کو اتوار کے دن اسٹیکرنگ اور بحالی کے بعد دوبارہ کمیشن میں لایا گیا۔
امن و قانون کو تقویت
عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تزئین و آرائش کے بعد پولیس کا بیڑا مزید مضبوط ہوگا جس سے جرائم کی روک تھام اور ایمرجنسی ریسپانس بہتر بنے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹریفک اے سی پیز، انسپکٹرس، پائلٹ اور انٹرسپٹر Police Vehicles پر بھی جلد ہی یہ عمل مکمل کیا جائے گا۔ ڈرائیوروں کو گاڑیاں صاف ستھری اور درست حالت میں رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
کانگریس حکومت نے فروری 2024 میں مخفف کی تبدیلی کی منظوری دی تھی۔ بعد ازاں مئی میں تمام محکموں کو ہدایت دی گئی کہ سرکاری خط و کتابت، سائن بورڈز، ویب سائٹس اور دستاویزات میں ’ٹی ایس‘ کی جگہ ’ٹی جی‘ استعمال کیا جائے۔ مرکزی وزارت روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز نے بھی ’ٹی جی‘ کو تلنگانہ کا باضابطہ کوڈ قرار دیا۔
وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے سابق ٹی آر ایس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ٹی ایس‘ کا انتخاب بغیر کسی اصول یا منطق کے کیا گیا تھا، جبکہ ’ٹی جی‘ اپنانے سے تلنگانہ کا معیار درست تقاضوں سے ہم آہنگ ہوا ہے۔





























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































