حیدرآباد: ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن EPFO DigiLocker ایپ پر اہم خدمات کا آغاز کر دیا ہے، جس کے ذریعے اینڈرائیڈ صارفین اب اپنا پی ایف بیلنس، پاس بک، اور یو اے این کارڈ براہ راست حاصل کر سکتے ہیں۔
ای پی ایف او نے سوشل میڈیا پر اس سہولت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب سبسکرائبرز کسی بھی مقام سے ڈیجی لاکر کے ذریعے پی ایف پاس بک، بیلنس تفصیلات، یو اے این کارڈ، پنشن پیمنٹ آرڈر اور اسکیم سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ نئی سہولت پہلے سے دستیاب خدمات جیسے یو ایم اے این جی ایپ اور ای پی ایف او ویب سائٹ کی طرز پر ہی ہے۔ اب اینڈرائیڈ اسمارٹ فون استعمال کرنے والے صارفین ڈیجی لاکر کے ذریعے بھی ان سہولیات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
ای پی ایف او کے مطابق یہ سہولت فی الحال صرف اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہے، جبکہ آئی او ایس (iOS) صارفین کے لیے بھی جلد ہی اس کا آغاز کیا جائے گا۔
ای پی ایف اکاؤنٹ ہولڈرز یو ایم اے این جی ایپ اور ای پی ایف او کی ویب سائٹ کے ذریعے بھی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، رجسٹرڈ موبائل نمبر سے 99660 44425 پر مسڈ کال دے کر بھی پی ایف بیلنس معلوم کیا جا سکتا ہے۔





























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































