حیدرآباد: نظام آباد قومی شاہراہ پر جمعہ کی علی الصبح ایک ٹرک سے موبائل فونز کی کھیپ [en]Cellphone Consignment[/en]چوری ہو گئی، جس کی مجموعی مالیت 10 لاکھ روپئے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق حیدرآباد جانے والا ایک ٹرک موبائل فونز کے ڈبوں سے لدا ہوا تھا۔ ڈرائیور نے راستے میں آرام کرنے کے لیے گاڑی کو سڑک کے کنارے کھڑا کیا۔ کچھ دیر آرام کے بعد جب اس نے سفر دوبارہ شروع کرنے سے پہلے سامان کی جانچ کی، تو معلوم ہوا کہ موبائل فون کے کئی ڈبے غائب ہیں۔
متاثرہ ڈرائیور نے فوراً نظام آباد رورل پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد ایک مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ڈرائیور نے پولیس کو بتایا کہ چوری شدہ فونز کی مارکیٹ میں قیمت 10 لاکھ روپئے سے زیادہ ہے۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ واردات کے دوران ملزموں نے پیشہ ورانہ انداز میں ٹرک کو نشانہ بنایا۔
حکام نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ہے اور قریبی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے تاکہ چوروں کا سراغ لگایا جا سکے۔





























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































