حیدرآباد: سائبرآباد پولیس کمشنریٹ نے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر جمعہ کو اپنے ہیڈکوارٹر میں پرچم کشائی اور اعزازات کی تقریب منعقد کی۔
Cyberabadپولیس کمشنر اویناش مہانتی (آئی پی ایس) نے قومی پرچم لہرایا اور ان مجاہدینِ آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی آزادی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ اپنے خطاب میں کمشنر مہانتی نے شہریوں اور پولیس اہلکاروں کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں سے حوصلہ حاصل کرنا چاہیے۔

انہوں نے پولیس فورس کی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون و نظم قائم رکھنا، قومی سالمیت کا تحفظ کرنا اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ ان کے مطابق پولیس کا کردار صرف فرض شناس افسران کی حیثیت سے نہیں بلکہ اپنے مثالی طرزِ عمل سے معاشرے کو متاثر کرنے کا بھی ہے۔
اس موقع پر کمشنر نے سات افسران کو شاندار خدمات پر “اتم سیوا پتکم” اعزاز پیش کیا، جن کی خدمات کو تلنگانہ یوم تاسیس 2025 کے موقع پر بھی تسلیم کیا گیا تھا۔ تقریب میں سائبرآباد جوائنٹ سی پی (ٹریفک) ڈاکٹر گجاراؤ بھوپال (آئی پی ایس)، اور مادھا پور، میڑچل، بالانگر، راجندر نگر، شمش آباد سمیت مختلف ڈویژنز کے ڈپٹی کمشنرز، سینئر افسران، اے سی پیز، انسپکٹرز، ریزرو انسپکٹرز اور دفتری عملہ موجود تھے۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































