حیدرآباد: تلنگانہ حکومت کی جانب سے Kaleshwaramپراجیکٹ میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کے لیے سی بی آئی انکوائری کے حکم کے بعد پیر کو ریاستی سیاست میں گرما گرمی دیکھی گئی۔ بی آر ایس نے اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے حیدرآباد کے گن پارک میں دھرنا منظم کیا۔
بی آر ایس قائدین کی مشاورت
اس ہنگامہ خیز صورتحال کے دوران پارٹی کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے پارٹی چیف اور سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ایراولی فارم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق دونوں قائدین نے سی بی آئی انکوائری، اسمبلی کی کارروائی اور پارٹی کی آئندہ حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ہائی کورٹ سے رجوع
سابق چیف منسٹر کے سی آر اور سابق وزیر ٹی ہریش راؤ پہلے ہیKaleshwaram معاملے پر جسٹس پی سی گھوش کمیشن کی رپورٹ کے خلاف تلنگانہ ہائی کورٹ میں عرضیاں دائر کرچکے ہیں۔ پیر کو ان کے وکلاء نے عدالت میں معاملے کا ذکر کرتے ہوئے فوری سماعت کی گزارش کی۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ حکومت کے نئے فیصلے، یعنی کیس کو سی بی آئی کے سپرد کرنے، کا بھی جائزہ لینا ضروری ہے۔ سینئر وکیل آریما سندرم نے بنچ سے اپیل کی کہ حکومت کو کارروائی سے روکا جائے جب تک کہ مقدمے کی سماعت نہ ہو۔ تاہم ہائی کورٹ نے عبوری احکامات دینے سے انکار کرتے ہوئے سماعت منگل تک کے لیے ملتوی کردی۔







































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































