حیدرآباد: وزیر سیتکّا نے کہا کہ خواتین پولیس عزم اور اعتماد کی علامت ہیں اور ان کی فلاح کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔ وہ بدھ کے روز تلنگانہ پولیس اکیڈمی، راجندر نگر میں منعقدہ پہلی تلنگانہ Women Policeکانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔
وزیر نے کہا کہ اس تقریب کا انعقاد بذاتِ خود خواتین پولیس کی فلاح کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کو خراج تحسین پیش کیا کہ وہ بحیثیت وزیر داخلہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کانفرنس میں پیش کردہ تجاویز پر حکومت مثبت رویہ اختیار کرے گی۔
سیتکّا نے یاد دلایا کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے 1973 میں کیرالا کے کوذی کوڈ میں پہلا خواتین پولیس اسٹیشن قائم کر کے خواتین پولیسنگ کی بنیاد ڈالی تھی اور اس کے بعد یہ نظام پورے ملک میں پھیل گیا۔
انہوں نے اس حقیقت کو تسلیم کیا کہ خواتین اہلکاروں کو پیشہ ورانہ ذمہ داری اور ماں ہونے کے کردار کے درمیان کشمکش کا سامنا رہتا ہے، اس لیے زچگی کے دوران سہولتوں اور نرمی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خواتین پولیس کے لیے لچکدار اوقات کار، ہفتہ وار چھٹیاں اور ہر سال جینڈر سینسی ٹائزیشن ٹریننگ فراہم کی جائے۔ مزید برآں، مشاورت، اسٹریس مینجمنٹ پروگرامس اور سائبر کرائم و آن لائن ہراسانی سے نمٹنے کی خصوصی تربیت بھی دی جائے۔
وزیر نے تجویز دی کہ تمل ناڈو کی طرز پر زچگی اور بعد از زچگی کے دوران خواتین کے لیے خصوصی یونیفارم، آرام گاہیں اور ویلنیس مراکز مہیا کیے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دیگر ریاستوں کی بہترین پالیسیوں کا مطالعہ کر کے انہیں تلنگانہ میں نافذ کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ریاست کے 80,000 پولیس اہلکاروں میں صرف 7,000 خواتین ہیں اور اس تعداد میں اضافہ ضروری ہے۔ ان کا یقین تھا کہ یہ کانفرنس خواتین پولیس کو درپیش مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوگی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ابھیلاشا بشٹ، سینئر عہدیداران چارو سنہا، شکھا گوئل، سواتی لاکڑا اور کانسٹیبل سے ایس پی سطح تک کی 400 خواتین پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔





























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































