حیدرآباد۔ تلنگانہ اسمبلی کے حلقہ جوبلی ہلز میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے کانگریس نے نوین یادو کو اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے بدھ کو جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے کی منظوری کے بعد ان کا نام فائنل کیا گیا۔
یہ حلقہ اسمبلی کا نمبر 61 ہے، جو حیدرآباد کے بااثر شہری علاقوں میں شامل ہے۔ نوین یادو کی نامزدگی کو مقامی سطح پر کانگریس کی حکمتِ عملی کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد حلقے میں نوجوان اور متوسط طبقے کو متحرک کرنا ہے۔
سیاسی میدان میں واپسی | Naveen Yadav
نوین یادو، جن کی عمر 41 برس ہے، نے بیگم پیٹ کے سی یس آئ آئ ٹی کالج سے آرکیٹیکچر میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی ہے۔ وہ پہلی بار 2014 میں مجلس اتحاد المسلمین کے ٹکٹ پر اسی حلقے سے الیکشن لڑ چکے ہیں، جب کہ 2018 میں انہوں نے آزاد امیدوار حیثیت سے قسمت آزمائی ۔
سال 2023 میں وہ باقاعدہ طور پر کانگریس میں شامل ہوئے اور جوبلی ہلز سیگمنٹ میں انتخابی انچارج کی حیثیت سے کام کیا۔ مقامی کارکنوں سے قریبی روابط اور مسلسل عوامی موجودگی نے انہیں ایک مضبوط امیدوار کے طور پر پیش کیا ہے۔نوجوان قیادت اور
سماجی سرگرمیاں | Naveen Yadav
نوین یادو صرف سیاست تک محدود نہیں رہے، بلکہ وہ نوجوانوں کی رہنمائی اور سماجی فلاح کے میدان میں بھی سرگرم رہے ہیں۔ وہ اسٹیٹ یادو اسٹوڈنٹ ونگ کے صدر رہ چکے ہیں اور تلنگانہ تھرو بال ایسوسی ایشن کے ساتھ بھی منسلک ہیں۔
انہوں نے “نو یووا نرمان” کے نام سے ایک این جی او بھی قائم کی، جو روزگار، تعلیم اور کھیلوں کے میدان میں نوجوانوں کی رہنمائی پر کام کرتی ہے۔ ان کی یہی سرگرمیاں ان کی عوامی مقبولیت کا سبب بنی ہیں۔
تجزیہ نگاروں کے مطابق، کانگریس کا یہ انتخاب حلقے میں نوجوان ووٹرز اور غیر روایتی طبقات کو متحرک کرنے کی ایک کوشش ہے، جو نوین یادو کی شخصیت سے ممکن دکھائی دیتی ہے۔




















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































