Read in English  
       
Rural Elections

حیدرآباد ۔ تلنگانہ کے چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ دیہی بلدی انتخابات Rural Elections کے ریزرویشن کا عمل 23 ستمبر تک مکمل کر لیا جائے۔ اتوار کے دن انہوں نے کلکٹرس، ایڈیشنل کلکٹرس، ضلع پریشد سی ای اوز اور پنچایت عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے دوران یہ احکامات جاری کیے۔

چیف سکریٹری نے عہدیداروں سے کہا کہ انتخابات کی تیاری فوری طور پر شروع کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں 42 فیصد نشستیں پسماندہ طبقات کے لیے مختص کی جائیں گی، جس کی بنیاد ذات پات کے سروے کے اعداد و شمار پر ہوگی۔ جبکہ درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے کوٹہ جات 2011 کی مردم شماری کے مطابق طے کیے جائیں گے۔

مزید برآں انہوں نے ہدایت دی کہ خواتین کے لیے ریزرویشن کا تعین لاٹری کے ذریعہ کیا جائے اور یہ عمل سیاسی جماعتوں کی موجودگی میں انجام پائے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری احکامات جاری ہونے سے پہلے تفصیلات کو عام نہ کیا جائے۔

کلکٹرس کی سطح پر اجلاس

چیف سکریٹری نے کہا کہ پیر کے دن تمام ضلع کلکٹرس اپنے اپنے اضلاع میں ضلع پریشد سی ای اوز، ڈی پی اوز اور ایم پی ڈی اوز کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے تاکہ ان کی نگرانی میں Rural Elections ریزرویشن کا عمل بروقت مکمل کیا جا سکے۔