حیدرآباد ۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ دھرم پوری اروند نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جی ایس ٹی میں اصلاحات کے ذریعے ہندوستانیوں کو نوراتری کا Modi GST Gift دیا ہے۔ انہوں نے منگل کی شام نظام آباد میں پارٹی دفتر پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
دھرم پوری کے مطابق نئی جی ایس ٹی شرحیں معاشرے کے تمام طبقات کے لیے فائدہ مند ہیں، خاص طور پر متوسط طبقے کے خاندانوں کے لیے۔ انہوں نے بتایا کہ روزمرہ ضروریات پر جی ایس ٹی 18 فیصد سے گھٹ کر 5 فیصد ہوگئی ہے جس سے گھریلو اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔ اسی طرح دو پہیہ گاڑیوں پر ٹیکس 28 فیصد سے کم ہوکر 18 فیصد اور لائف و ہیلتھ انشورنس پریمیم پر بھی کمی کی گئی ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے ملک کی جی ڈی پی میں 1 فیصد اضافہ ہوسکتا ہے۔
عوامی فلاح کے لیے قربانی
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو اس اقدام سے تقریباً 2 لاکھ کروڑ روپئے کا نقصان ہوگا لیکن یہ عوامی فلاح کے لیے ہے۔ دھرماپوری نے کہا کہ بی جے پی عوامی بھلائی کے بارے میں سوچتی ہے جبکہ کانگریس صرف اپنے مفاد کو ترجیح دیتی ہے۔ ان کے مطابق مودی حکومت نے ٹیکس نظام کو شفاف بنایا اور رقوم براہِ راست عوام تک پہنچائیں۔
وزیر موصوف نے بتایا کہ شرحوں میں کمی کے باوجود 2024-25 میں جی ایس ٹی ریونیو ریکارڈ 22.08 لاکھ کروڑ روپئے تک پہنچ گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ رقوم وندے بھارت ٹرینوں، دفاعی برآمدات، ریلوے کی جدید کاری اور 20 کروڑ افراد کو مفت راشن فراہم کرنے جیسے فلاحی پروگراموں پر خرچ کی جارہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ کانگریس حکومتوں نے ٹیکس زیادہ وصول کیے لیکن عوام کو کچھ نہیں دیا، جب کہ بی جے پی نے ٹیکس کم کرکے حاصل شدہ آمدنی کو فلاحی اسکیموں میں استعمال کیا۔
تلنگانہ سیاست پر تنقید
Modi GST Gift کا دعویٰ کرتے ہوئے دھرم پوری نے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مودی اسکول، چندر بابو کالج اور سونیا جاب ٹریننگ کے پیداوار ہیں۔ ان پر الزام لگایا کہ وہ تلنگانہ کے مفاد کو نظرانداز کرتے ہوئے کرناٹک کے المٹی پراجیکٹ کی اونچائی بڑھانے کی حمایت کررہے ہیں۔ مزید کہا کہ تلنگانہ انتخابات کے دوران کانگریس نے کرناٹک سے فنڈز حاصل کیے اور سوال کیا کہ کیا ریاست کو پیسوں کے بدلے فروخت کیا جارہا ہے۔




































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































