حیدرآباد: چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں آج دوپہر 2 بجے سیکریٹریٹ میں تلنگانہ کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوگا جس میں کالیشورم لفٹ ایریگیشن پراجیکٹ سے متعلق جسٹس پی چندر گھوش کمیشن کی رپورٹ پر غور کیا جائے گا۔
اس 650 صفحات پر مشتمل Kaleshwaram reportمیں سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، سابق وزراء ٹی ہریش راؤ اور ایٹلہ راجندر کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ کمیشن نے پراجیکٹ کو مکمل طور پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور بڑے پیمانے پر مبینہ بدعنوانی کی نشاندہی کی ہے۔
اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر ملّو بھٹی وکرامارکا، وزراء، چیف سیکریٹری رام کرشنا راؤ، سرکاری ویپس اور مشیران شرکت کریں گے۔ اجلاس سے قبل لیگل سکریٹری تروپتی، جی اے ڈی سکریٹری نوین مِٹل اور ایریگیشن اسپیشل سکریٹری پرشانت جیون پاٹل پر مشتمل بریفنگ کمیٹی نے کمیشن کی سفارشات پر مبنی خلاصہ رپورٹ چیف سکریٹری کو پیش کی۔
کابینہ اجلاس میں مذکورہ افراد کے خلاف ممکنہ قانونی اور ادارہ جاتی کارروائی پر غور کیا جائے گا۔ وزیر آبپاشی اُتم کمار ریڈی کمیشن کی رپورٹ پر تفصیلی پاور پوائنٹ پیش کریں گے۔ ساتھ ہی یہ بھی زیر غور آئے گا کہ مکمل رپورٹ کو اسمبلی میں پیش کیا جائے یا نہیں۔
