حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر صنعت ڈی۔ سریدھر بابو نے Toshiba Telanganaکے 177 کروڑ روپے کے ایچ وی وی ٹی پاور ٹرانسفارمر پلانٹ کی توسیع کا سنگ بنیاد رکھا اور دو جدید مینوفیکچرنگ سہولیات — 65 کروڑ روپے کا سی آر جی او کور پروسیسنگ سینٹر اور 105 کروڑ روپے کا سرج اریسٹر یونٹ — کا افتتاح کیا۔ اس طرح کل سرمایہ کاری 347 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ وزیر نے کہا کہ یہ منصوبے عالمی کمپنیوں کے تلنگانہ کے صنعتی ماحول پر بڑھتے اعتماد کو ظاہر کرتے ہیں۔
وزیر کے مطابق ریاست ایک واضح حکمتِ عملی کے تحت خود کو عالمی مینوفیکچرنگ حب کے طور پر پیش کر رہی ہے۔ اقتصادی جائزے کے مطابق 2024–25 میں ریاست کی صنعتی پیداوار 2.77 لاکھ کروڑ روپے متوقع ہے، جس میں تقریباً 48 فیصد حصہ مینوفیکچرنگ کا ہوگا۔ تجارتی برآمدات مالی سال کے پہلے نو ماہ میں ایک لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر گئیں جبکہ ریاست کی جی ایس ڈی پی شرح نمو 8.2 فیصد ہے جو قومی اوسط سے زیادہ ہے۔

سریدھر بابو نے بتایا کہ کلین اینڈ گرین انرجی پالیسی 2025 کے تحت اب تک 29,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری آ چکی ہے اور ہدف 2030 تک 20,000 میگاواٹ رینیوایبل کیپیسٹی حاصل کرنا ہے۔ گرین انرجی ایکوپمنٹ زونز تیار کیے جا رہے ہیں تاکہ اسمارٹ گرڈز، پاور کمپوننٹس اور کلین ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان میں توشیبا کے ساتھ دستخط شدہ ایم او یو کے نتائج پہلے ہی سامنے آ چکے ہیں۔
ٹی ٹی ڈی آئی کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر ہیروشی فُروتا نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری بھارت میں توشیبا کی مینوفیکچرنگ موجودگی کو مضبوط کرے گی اور مقامی روزگار و ہنر مندی کو بڑھاوا دے گی۔
