حیدرآباد: ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کو Fake Job Offersدے کر دھوکہ دینے والے ایک عادی جعلساز کو حیدرآباد پولیس نے گرفتار کر لیا۔
گنی گوپی، عمر 30 سال، کا تعلق آندھرا پردیش کے ضلع سریکاکولم کے ماری پادو علاقے سے ہے۔ وہ حیدرآباد کے اپل علاقے میں واقع سافٹ ویئر کمپنی Lenssoft India Pvt Ltd کا فرضی ریکروٹر بن کر لوگوں کو ملازمت کا جھانسہ دے رہا تھا۔
گوپی نے گزشتہ چند مہینوں کے دوران درجنوں امیدواروں کو کمپنی کے جعلی لوگو اور دستخط کے ساتھ تیار کردہ تقرری خطوط جاری کیے اور ہر امیدوار سے بھاری رقم وصول کی۔
یہ دھوکہ اس وقت بے نقاب ہوا جب کئی امیدوار کمپنی کے دفتر پہنچ گئے اور اپنے تقرری مکتوبات دکھائے۔ کمپنی کے عملے نے جب اس کی چھان بین کی تو فوری طور پر اپل پولیس کو اطلاع دی۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ گوپی اس سے پہلے بھی کئی ریاستوں میں فرضی ملازمت اسکیموں میں ملوث رہ چکا ہے۔ اس پر مختلف پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات درج ہیں اور وہ پہلے بھی جیل کی سزا کاٹ چکا ہے۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ملازمت کے جھانسے میں آ کر کسی کو پیسے نہ دیں اور اس قسم کی سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































