حیدرآباد: تلنگانہ نے گزشتہ پانچ مالی سالوں کے دوران اپنی Telangana Borrowingمقررہ قرض حد سے 37 فیصد زیادہ رقم حاصل کی، جس کا انکشاف پیر کے دن لوک سبھا میں وزارتِ مالیات کی طرف سے پیش کردہ اعداد و شمار میں ہوا۔
کھمم کے رکن پارلیمان راماساہیم رگھوراما ریڈی کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر وزیر مملکت برائے مالیات پنکج چودھری نے بتایا کہ مرکز نے 2020–21 سے 2024–25 کے دوران ریاستوں کے لیے جی ایس ڈی پی کے 3 تا 4 فیصد کے درمیان قرض لینے کی حد مقرر کی تھی۔
اس مدت کے دوران تلنگانہ کو کھلے بازار سے 2.07 لاکھ کروڑ روپئے قرض لینے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم ریاست نے 2,35,447 کروڑ روپئے کے مارکیٹ قرض حاصل کیے، جو مجاز حد سے 13.29 فیصد (27,600 کروڑ روپئے ) زیادہ ہے۔
اس کے علاوہ ریاست نے 50,098 کروڑ روپئے اضافی بجٹ سے ہٹ کر (آف بجٹ) قرض کی شکل میں بھی حاصل کیے، جس سے مجموعی قرض کی رقم 2.85 لاکھ کروڑ روپئے تک پہنچ گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق 2021–22 میں سب سے زیادہ آف بجٹ قرض یعنی 35,258 کروڑ روپئے حاصل کیے گئے، جو پانچ سالہ مدت کے دوران کل آف بجٹ قرض کا 70.37 فیصد بنتا ہے۔ بقیہ رقم 2022–23 میں 9,597 کروڑ روپئے ، 2023–24 میں 2,546 کروڑ روپئے ، اور 2024–25 میں 2,697 کروڑ روپئے حاصل کی گئی۔ 2020–21 میں کوئی آف بجٹ قرض حاصل نہیں کیا گیا۔
ان پانچ سالوں کے دوران ریاست کی خالص قرض رقومات کچھ اس طرح رہیں:
2020–21 میں 30,102 کروڑ روپئے
2021–22 میں 43,138 کروڑ روپئے
2022–23 میں 42,728 کروڑ روپئے
2023–24 میں 43,000 کروڑ روپئے
2024–25 میں 48,879 کروڑ روپئے
اگرچہ اوسط قرض مجاز جی ایس ڈی پی تناسب یعنی 3.3 فیصد کے اندر رہا، لیکن آف بجٹ قرض کو شامل کرنے کے بعد ریاست کی اصل مالیاتی صورتحال مجاز حد سے تجاوز کر گئی۔


















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































