حیدرآباد: آندھرا پردیش کے شہر تروپتی میں ایک شخص نے سڑک پر لاٹھی کے ساتھ اندھا دھند حملہ[en]Tirupati Attacker[/en] کر کے خوف و ہراس پھیلا دیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ علی پیری پولیس اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق، حملہ آور نے سب سے پہلے 55 سالہ بھکاری شیکھر پر وار کیا، جس کے بعد قریبی پارکنگ ایریا میں کام کرنے والے ایس سبرا منیم اور کے کلپنا کو نشانہ بنایا۔ تینوں کو فوری طور پر روئیا اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں شیکھر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ دیگر دو افراد زیر علاج ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ شخص تقریباً ایک گھنٹے تک لاٹھی لہراتے ہوئے سڑکوں پر گھومتا رہا اور شہریوں و پولیس کو چکمہ دیتا رہا۔ لوگ خوف کے مارے قریب جانے سے کتراتے رہے اور پورے علاقے میں افرا تفری پھیل گئی۔
بالآخر سب انسپکٹر لوکیش، کانسٹیبل ایس پراکاش اور بلدی عملے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جال کی مدد سے حملہ آور کو قابو میں لیا۔ اس کے قبضے سے ایک چاقو بھی برآمد ہوا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، حملہ آور کا تعلق ممکنہ طور پر تمل ناڈو سے ہو سکتا ہے۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ اس کے عزائم اور پس منظر کا پتہ لگایا جا سکے۔





















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































