حیدرآباد: سپریم کورٹ نے منگل کے روز تلنگانہ میں گٹو وامن راؤ اور گٹو ناگا منی، کے سنسنی خیز Advocate Couple Murderکی تحقیقات ریاستی پولیس سے لے کر سی بی آئی کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے وامن راؤ کے والد گٹو کشور راؤ کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
یہ جوڑا 17 فروری 2021 کو ضلع پداپلّی کے منتھنی کے قریب اپنی کار میں سفر کے دوران دن دہاڑے تیز دھار ہتھیاروں سے قتل کر دیا گیا تھا۔ کشور راؤ نے ستمبر 2021 میں سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے تلنگانہ حکومت سے کیس کے تمام ریکارڈ، بشمول ویڈیوز، پیش کرنے کو کہا تھا۔ ان میں سے ایک وڈیو وامن راؤ کا موت سے پہلے دیا گیا بیان تھا، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا اور بعد میں فرانزک سائنس لیبارٹری نے اسے مستند قرار دیا۔ ریاستی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ اسے سی بی آئی انکوائری پر کوئی اعتراض نہیں، جس کے بعد آج یہ حکم جاری کیا گیا۔
