حیدرآباد: منگل کی رات سے بدھ کی دوپہر تک وقفے وقفے سے جاری شدید بارش نے حیدرآباد سمیت کئی اضلاع میں عام زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔ سڑکیں زیر آب آ گئیں، آبی ذخائر لبریز ہو گئے اور کئی دیہات کا رابطہ کٹ گیا۔
کریم نگر، ورنگل، نظام آباد، محبوب نگر، ہنمکنڈہ اور دیگر شہروں سے سڑکوں کے پانی میں ڈوبنے اور نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
حیدرآباد کے شیخ پیٹ (8.6 سینٹی میٹر)، ٹولی چوکی (6.5)، لنگر حوض (6.2)، گچی باولی (6.1)، سیرلنگم پلی (5.8)، لنگم پلی اور خواجہ گوڑہ (5.2) سمیت مادھاپور، مہدی پٹنم اور بہادر پورہ جیسے علاقوں میں 3 سے 6 سینٹی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔
ملگ ضلع کے وینکٹاپور میں 26 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 36 سینٹی میٹر بارش ہوئی۔ ایٹورنگرم (18 سینٹی میٹر)، منگا پیٹ (15)، ہنمکنڈہ (14)، بھدرادری کوتہ گوڑم (12)، سوریا پیٹ (11) اور کئی دیگر علاقوں میں 9 سے 10 سینٹی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔
کریمنگر، مناکونڈور اور چوپاڈنڈی میں پانی بھر جانے کے باعث ٹریفک مکمل طور پر جام ہو گیا۔ آر ٹی سی ورکشاپ روڈ اور کلکٹریٹ روڈ سمیت اہم راستے متاثر ہوئے۔ میدک میں موسمی ندی کے بہاؤ سے حویلی گھن پور منڈل کے ڈوب سنگھ تانڈا کا رابطہ منقطع ہو گیا۔
مسلسل بارش کے باعث موسیٰ ندی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر بارش جاری رہی تو موسیٰ اور عیسیٰ ندیوں کی سطح خطرے سے تجاوز کر سکتی ہے۔ شہر کی کئی جھیلوں میں بھی پانی کی آمد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
آئی ٹی زونز جیسے گچی باولی، مادھاپور، ہائی ٹیک سٹی، میاں پور، کوکٹ پلی، جوبلی ہلز، اپل اور ایل بی نگر سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔ متعدد آئی ٹی کمپنیوں نے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کا مشورہ دیا۔
حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے رات بھر ایمرجنسی ٹیمیں تعینات کیں تاکہ متاثرہ علاقوں سے پانی نکالا جا سکے۔ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیموں کو اہم جنکشنز اور فلائی اوورز پر تعینات کیا گیا تاکہ پانی کی نکاسی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں، نشیبی علاقوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی افسران سے فوری رابطہ کریں۔




























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































