حیدرآباد: ٹیسلا نے منگل کے روز بھارت میں اپنی مشہور الیکٹرک گاڑی Tesla Model Y کو 59.88 لاکھ روپئے کی ابتدائی قیمت پر لانچ کر دیا، جس کے ساتھ ہی ممبئی کے باندرہ کرلا کمپلیکس (BKC) میں اپنا پہلا شو روم بھی قائم کیا۔ اس “ایکسپیرینس سینٹر” کے افتتاح کے ساتھ ہی بھارت کی الیکٹرک وہیکل مارکیٹ میں ٹیسلا کی باقاعدہ انٹری ہو گئی ہے۔
مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس نے شو روم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک شوروم کا افتتاح نہیں، بلکہ یہ اس بات کا اعلان ہے کہ ٹیسلا اب بھارت کے کاروباری دارالحکومت ممبئی میں موجود ہے۔
اس موقع پر ٹیسلا کی سینئر ریجنل ڈائریکٹر ایزابیل فان نے چیف منسٹر کو کمپنی کے آئندہ منصوبوں اور بھارت میں اختراعی حکمتِ عملی پر بریفنگ دی۔ شو روم میں ماڈل Y کو جزوی طور پر ڈھانپ کر پیش کیا گیا، جسے سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت محدود عوامی رسائی میں رکھا گیا تھا۔
ٹیسلا کی آمد سے اب بھارت میں بی ایم ڈبلیو اور مرسڈیز جیسی لگژری الیکٹرک گاڑیوں کے ساتھ ساتھ ٹاٹا اور مہندرا جیسے مقامی ادارے بھی مقابلے کی دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں۔ ماڈل Y کا ریئر وِیل ڈرائیو ماڈل 60 لاکھ میں جبکہ لانگ رینج ورژن 68 لاکھ میں دستیاب ہوگا۔ اس کے برعکس امریکہ میں اس کی قیمت $44,990 اور چین میں 263,500 یوان ہے۔
دنیا کی تیسری سب سے بڑی کار مارکیٹ بھارت میں فی الحال الیکٹرک گاڑیاں کل فروخت کا صرف 4 فیصد حصہ ہیں، لیکن حکومت کا ہدف ہے کہ 2030 تک یہ شرح 30 فیصد تک پہنچ جائے، جس کے لیے مقامی پیداوار کرنے والے اداروں کو ٹیکس میں چھوٹ دی جا رہی ہے۔ تاہم، ٹیسلا نے تاحال بھارت میں مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کرنے کے بارے میں کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیسلا کے ساتھ ہی ویتنامی کمپنی ون فاسٹ نے بھی اپنے الیکٹرک ایس یو ویز VF6 اور VF7 کی پیشگی بکنگ بھارت میں شروع کر دی ہے، جس سے مارکیٹ میں مسابقت مزید بڑھنے کے امکانات ہیں۔













































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































