حیدرآباد: اتوار کی شام شدید بارشوں نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں سڑکیں زیر آب آ گئیں اور نالوں میں تین افراد بہہ گئے۔ ان میں ایک کی موت واقع ہوگئی جبکہ دو افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ Hyderabad Heavy Rains کے باعث شہری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔
پولیس کے مطابق حبیب نگر کے افضل ساگر نالہ میں طغیانی آگئی اور اس میں دو افراد بہہ گئے۔ ایک شخص نالہ میں گر گیا اور اس کا بھتیجا اسے بچانے کے دوران پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا۔ پولیس اور ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں نے دونوں افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
مشیرآباد میں نوجوان کی ہلاکت
ایک اور واقعے میں مشیرآباد کے علاقے میں 24 سالہ نوجوان سنی نالہ کے قریب دیوار پر بیٹھا تھا۔ دیوار اچانک گر گئی اور وہ پانی میں جا گرا، جس سے موقع پر ہی اس کی موت واقع ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک گھنٹے میں 12 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ یوسف گوڑہ، شیخ پیٹ، جوبلی ہلز، خیرت آباد، امیر پیٹ، ایل بی نگر اور کاپرا میں سڑکیں جھیلوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ پانی جمع ہونے سے ٹریفک مکمل طور پر جام ہوگیا اور مسافروں کو گھنٹوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
جی ایچ ایم سی کی میئر گدوال وجیا لکشمی نے بنجارہ ہلز کے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا۔ حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید شدید بارشوں کا امکان ہے اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔






































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































