حیدرآباد: وکیل جوڑے گٹّو وامن راؤ اور ناگمنی کے سنسنی خیز قتل کے معاملے میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سپریم کورٹ کی ہدایت پر سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن CBIنے باضابطہ طور پر تحقیقات سنبھال لی ہیں۔
ایجنسی نے ایف آئی آر درج کرتے ہوئے ویلاڈی وسنت راؤ، کنٹا سرینواس اور اکا پکا کمار کو ملزم نامزد کیا ہے۔ انسپکٹر ویپن گہلوت کو تحقیقاتی افسر مقرر کیا گیا ہے۔ CBIعہدیداروں نے کہا کہ اب اس کیس کی تمام زاویوں سے تفصیلی جانچ کی جائے گی۔
گٹّو وامن راؤ – ناگمنی قتل پس منظر
17 فروری 2021 کو ہائی کورٹ کے وکلاء کو پداپلّی ضلع کے رام گیری منڈل کے کلواچرلہ کے قریب دن دہاڑے تلواروں سے حملہ کرکے قتل کردیا گیا تھا، جس پر ریاست بھر میں زبردست احتجاج ہوا تھا۔ تلنگانہ پولیس نے اس واقعے کے سلسلے میں کئی مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا تھا۔
تاہم وامن راؤ کے والد گٹّو کشور راؤ نے ریاستی پولیس کی تحقیقات پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا تھا۔ 12 اگست کو عدالت عظمیٰ نے یہ مقدمہ مرکزی تحقیقاتی ایجنسی کے سپرد کرنے کا حکم دیا۔ سی بی آئی کی مداخلت کے ساتھ ہی تحقیقات نئے سرے سے شروع ہوگئی ہیں۔



















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































