حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر برائے کھیل واکیٹی سری ہری نے ریاست کی جامع Sports Policy 2025 کا اعلان کیا، جو چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر تیار کی گئی ہے۔
ونپرتی حلقہ کے آتماکور سینٹر میں اسپورٹس کونکلیو کے پوسٹر کی رسم اجرائی کے موقع پر سری ہری نے کہا کہ برسوں سے نظرانداز شدہ اسپورٹس سیکٹر میں اب انقلابی تبدیلی لائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر تلنگانہ اسپورٹس اتھارٹی کے صدر شیوسینا ریڈی بھی موجود تھے۔
وزیر موصوف نے بتایا کہ ان کے تقرر کے بعد منعقد ہونے والے پہلے کابینی اجلاس میں کھیلوں کے شعبے کو منظوری دی گئی، جسے انہوں نے ایک کھلاڑی ہونے کے ناطے ذاتی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی ریاست میں کھیلوں کی ترقی کے لیے طویل مدتی خاکہ فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپورٹس کونکلیو میں ملک بھر سے ماہرین، اسپورٹس فیڈریشن کے نمائندے اور سرکردہ شخصیات شرکت کریں گے، تاکہ پالیسی پر وسیع مشاورت کے ساتھ موثر عمل آوری کو یقینی بنایا جا سکے۔
واکٹی سری ہری نے نئی پالیسی کو ایک “گیم چینجر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے ریاستی کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام حاصل ہوگا۔ اس پالیسی کے تحت دیہی علاقوں سے باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی پر خاص توجہ دی جائے گی تاکہ عالمی معیار کے اتھلیٹس تیار کیے جا سکیں۔
اسپورٹس اتھارٹی کے چیئرمین شیوسینا ریڈی نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت اتھارٹی کی ذمہ داریاں کئی گنا بڑھ جائیں گی اور مختلف محکمہ جات کے ساتھ مل کر مربوط اسپورٹس پروگرامز چلائے جائیں گے۔
انہوں نے اسپورٹس شعبے میں انقلابی اصلاحات شروع کرنے پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ تلنگانہ اسپورٹس اتھارٹی نے گزشتہ سال قومی و بین الاقوامی سطح پر کئی اہم ایونٹس کا انعقاد کیا، اور نئی پالیسی کے تحت مزید تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
اس موقع پر آتماکور مارکیٹ کمیٹی کے صدر رحمت اللہ اور دیگر مقامی نمائندے بھی موجود تھے۔











































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































