حیدرآباد: میدک ضلع کے مسائی پیٹ منڈل ہیڈکوارٹر میں پیر کی رات Stray dogکے حملے میں کم از کم 20 افراد زخمی ہوگئے جس کے باعث مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ زخمیوں میں بچے، خواتین اور نوجوان شامل ہیں جبکہ بعض کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
مقامی افراد کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک آوارہ کتا اچانک گاؤں میں داخل ہوا اور لوگوں کو کاٹنے لگا۔ دیکھتے ہی دیکھتے مزید کتے بھی شامل ہوگئے اور گاؤں میں افراتفری مچ گئی۔ ایمرجنسی خدمات نے فوری کارروائی کی اور 108 گاڑیوں کے ذریعہ زخمیوں کو تُوپران ایریا اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں نے چار شدید زخمیوں کو میدک ایریا اسپتال روانہ کیا، جبکہ ایک لڑکے کو سنگین زخموں کے باعث خصوصی علاج کے لئے گاندھی اسپتال حیدرآباد بھیجا گیا۔
واقعہ کے فوراً بعد ضلع کلکٹر راہل راج نے حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے ماسائی پیٹ میں کتے پکڑنے والی ٹیموں کو تعینات کیا اور میونسپل عملہ نے منگل کی صبح سے ہی آوارہ کتوں کو پکڑنے کی کارروائی شروع کردی۔
عہدیداروں نے کہا کہ یہ واقعہ دیہی علاقوں میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کے سنگین مسئلے کو اجاگر کرتا ہے۔ دیہاتیوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی اس نوعیت کے حملے ہوچکے ہیں، جن میں بچے اور بزرگ سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
اسپتال حکام نے تصدیق کی کہ تمام زخمیوں کو ریبیز مخالف علاج فراہم کیا جارہا ہے اور کئی مریض اب بھی تُوپران اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
دوسری جانب مقامی افراد نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لئے باقاعدہ کتوں کو پکڑنے کی کارروائی اور نس بندی پروگرام شروع کئے جائیں تاکہ ہر عمر کے لوگوں کی سلامتی یقینی بنائی جاسکے۔





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































