حیدرآباد: قطب اللہ پور کے ایم ایل اے کے سابق اسسٹنٹ کو Double Bedroom Scam میں لاکھوں روپئے وصول کرنے کے الزام میں جیڈی میٹلہ پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ملزم، بودیمی شیٹی ہری بابو، کچھ عرصے تک ایم ایل اے کے کیمپ آفس میں کام کر چکا ہے اور اسی تعلق کو بنیاد بنا کر اس نے کئی افراد سے ریاستی حکومت کی فلاحی اسکیم کے تحت ڈبل بیڈ روم مکانات دلانے کا وعدہ کیا۔
متاثرین نے پولیس کو بتایا کہ ہری بابو نے کئی مہینوں تک ان سے رقم وصول کی، لیکن جب مکانات نہیں ملے اور واپسی کی درخواستوں کا بھی کوئی جواب نہیں دیا گیا تو انہوں نے شکایت درج کرائی۔
پولیس نے شکایات کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ ہری بابو پر ایم ایل اے کے قریبی ہونے کی وجہ سے بھروسہ کر بیٹھے تھے۔
دریں اثنا، ایم ایل اے کے پی ویویکانند نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہری بابو کو تقریباً ڈیڑھ سال قبل ہی بدعنوانی کے شبہ میں عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسی وقت دفتر نے شکایات کنندگان کو پولیس میں رپورٹ درج کرانے کی ہدایت دی تھی۔
ہری بابو کو ماضی میں چنٹل، پیٹ بشیرباد اور دیگر کیمپ مقامات پر ایم ایل اے کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔ پولیس اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
