حیدرآباد: قومی Handloomڈے 2025 کے موقع پر تلنگانہ کے محکمہ ہینڈلوم و ٹیکسٹائل کی جانب سے “تلنگانہ رائزنگ 2047” کے عنوان سے عظیم الشان نمائش و فروخت کا آغاز آج سے ہورہا ہے۔ یہ تقریب 7 اگست سے 17 اگست تک پِیپلز پلازہ، نیکلس روڈ، حیدرآباد میں جاری رہے گی۔
نمائش کا افتتاح وزیر زراعت و ہینڈلوم تمّلا ناگیشور راؤ آج صبح 11 بجے کریں گے۔ یہ نمائش روزانہ صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک عوام کے لیے کھلی رہے گی، جس میں ریاست کے مختلف اضلاع سے ہینڈلوم اور ہینڈی کرافٹس کے منفرد اشیاء پیش کیے جائیں گے۔
قومی ہینڈلوم ڈے کی تقریب میں کئی سرکردہ قائدین کی شرکت
افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر برائے کوئلہ و کانکنی جی. کشن ریڈی، وزیر ٹرانسپورٹ پنّم پربھاکر، وزیر ماحولیات کونڈا شوریکھا، اور وزیر برائے خواتین و اطفال بہبود ڈاکٹر سیتکّا مہمانانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ کئی اراکین اسمبلی، ارکان کونسل، ارکان پارلیمان اور جی ایچ ایم سی کے عہدیداران بشمول میئر حیدرآباد گدوال وجیالکشمی بھی اس موقع پر موجود رہیں گے۔
یہ نمائش پرنسپل سکریٹری و ہینڈلوم کمشنر شیلجا رمائیّر، آئی اے ایس کی نگرانی میں منعقد کی جارہی ہے۔ اس کا مقصد ریاست کے بافندوں اور کاریگروں کو ایک مستحکم مارکیٹ پلیٹ فارم فراہم کرنا اور ہینڈلوم صنعت کو فروغ دینا ہے۔
