حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے پیر کے روز سابق وزیر اور بی آر ایس ایم ایل اے سبیتا اندرا ریڈی اور سبکدوش آئی اے ایس افسر کرپانندم کو طویل عرصہ سے جاری OMC Caseمیں نوٹس جاری کیا۔ یہ کارروائی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کی اس درخواست کے بعد کی گئی جس میں انہوں نے نامپلی سی بی آئی عدالت کی جانب سے دی گئی بریت کو چیلنج کیا ہے۔
ہائی کورٹ نے دونوں سے جوابی حلف نامے داخل کرنے کی ہدایت دی اور سماعت 6 ستمبر تک ملتوی کردی۔
یہ مقدمہ اوبولاپورم مائننگ کمپنی کی غیرقانونی کان کنی سے متعلق ہے۔ 15 سالہ عدالتی کارروائی کے بعد سی بی آئی عدالت نے کرناٹک کے سابق وزیر گالی جناردھن ریڈی سمیت پانچ افراد کو قصوروار قرار دیا تھا جبکہ سبیتا اندرا ریڈی اور کرپانندم کو بری کردیا گیا تھا۔ عدالت نے جناردھن ریڈی کو 7 سال قید کی سزا سنائی اور ہر مجرم پر 10,000 روپئے جرمانہ عائد کیا، جبکہ او ایم سی پر 2 لاکھ روپئے کا جرمانہ لگایا گیا۔
قصوروار قرار پانے والوں میں بی وی سرینواسا ریڈی، میفاز علی خان اور اس وقت کے مائنز ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر وی ڈی راجاگوپال شامل ہیں۔ عدالت نے انہیں بڑے پیمانے پر غیرقانونی کان کنی کی سہولت فراہم کرنے کا ذمہ دار پایا۔
تاہم سی بی آئی نے سبیتا اندرا ریڈی اور کرپانندم کی بریت کے خلاف اپیل دائر کی جس کے بعد ہائی کورٹ نے تازہ کارروائی کرتے ہوئے نوٹس جاری کیا۔
اس سے قبل تلنگانہ ہائی کورٹ سی بی آئی عدالت کے فیصلے کے بعد جناردھن ریڈی، سرینواسا ریڈی، راجاگوپال اور علی خان کو ضمانت دے چکی ہے۔
