حیدرآباد: وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کو قومی معاشی حکمت عملی سے جوڑا جائے گا تاکہ عالمی سطح پر ہندوستان کی پوزیشن مضبوط ہو۔
ترقیاتی اہداف اور مرکز سے تعاون کی اپیل | Development Vision
انہوں نے اربن ڈیولپمنٹ وزرا کی علاقائی میٹنگ سے خطاب کیا جس میں مرکزی وزیر منوہر لال کھٹر، اے پی کے وزیر پی نرائنا اور متعدد ریاستوں کے اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ تلنگانہ نے اپنے منصوبے مرکز کو بھیج دیئے ہیں اور منظوریوں میں تیزی چاہتے ہیں تاکہ بڑے پروجیکٹس جلد مکمل ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ مرکز کی جانب سے بروقت تعاون ملے تو ترقی کی رفتار دوگنی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے میٹرو توسیع، موسیٰ ریور پروجیکٹ، ریجنل رنگ روڈ، ریڈیل روڈز، اور کرشنا و گوداوری آبی منصوبوں کیلئے اشتراک کی درخواست کی۔
طویل مدتی ہدف اور مستقبل کے بڑے منصوبے | Development Vision
ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ 9 دسمبر کو تلنگانہ رائزنگ 2047 ویژن ڈوکومنٹ جاری کیا جائے گا جس میں ریاست کے طویل مدتی ترقیاتی ہدف شامل ہوں گے۔ منصوبے کے مطابق تلنگانہ 2034 تک ایک ٹریلین ڈالر اور 2047 تک تین ٹریلین ڈالر معیشت بننے کا ارادہ رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2047 میں ہندوستان کی 30 ٹریلین ڈالر معیشت میں تلنگانہ 10 فیصد حصہ ڈالنا چاہتا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے 30,000 ایکڑ پر بھارت فیوچر سٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا جس کا معیار نیویارک، ٹوکیو، سنگاپور اور دبئی جیسا ہوگا۔
مزید یہ کہ خشک بندرگاہ کے قیام سے لاجسٹکس اور کنیکٹیویٹی میں بہتری آئے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تلنگانہ کا مقابلہ علاقائی ریاستوں سے نہیں بلکہ عالمی اختراعی مراکز سے ہے، البتہ پڑوسی ریاستوں کو ترقی کا شریک ساتھی قرار دیا۔



















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































