Read in English  
       
Sridhar Babu welfare

حیدرآباد: ریاستی وزیر برائے آئی ٹی و انڈسٹریز دوڈّیلا سریدھر بابو نے کہا کہ کانگریس کی زیرقیادت پرجا پربھو حکومت برسر اقتدار آنے کے بعد سے Sridhar Babu welfareاور سماجی انصاف کو اولین ترجیح دے رہی ہے، جبکہ سابق بی آر ایس حکومت نے عوام کی بھلائی کو نظرانداز کیا۔

ایل بی نگر کے کوتہ کاپو یادو ریڈی گارڈنس میں راشن کارڈ تقسیم پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 8 لاکھ کروڑ روپئے کے بھاری قرض اور ماہانہ 7,000 کروڑ روپئے سود کی ادائیگی جیسے چیلنجز کے باوجود اپنے وعدوں پر عمل شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق حکومت نے اپنے دور اقتدار میں ایک بھی نیا راشن کارڈ جاری نہیں کیا۔

سریدھر بابو نے بتایا کہ فی الوقت راشن کارڈ ہولڈروں کو فی کس 6 کلو مفت چاول فراہم کیا جا رہا ہے اور غریبوں کے لیے رہائشی اسکیمیں بھی آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 65,000 سے زائد سرکاری ملازمتیں فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ طویل عرصے سے رکی ہوئی گروپ-1 امتحانات کا دوبارہ آغاز بھی ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت 200 یونٹ مفت برقی سربراہ کر رہی ہے اور 42 فیصد بی سی ریزرویشن بل اسمبلی میں منظور کر چکی ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ اور اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بل کو صدر جمہوریہ کی منظوری دلانے میں تعاون کریں۔

اس موقع پر حکومت کے چیف وِہپ پٹنم مہندر ریڈی، ایم ایل سی بوگراپو دیانند، سابق رکن پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ اور متعدد کانگریس قائدین و عہدیدار موجود تھے۔ پٹنم مہندر ریڈی نے کہا کہ حکومت فلاح و ترقی دونوں محاذوں پر یکساں توجہ دے رہی ہے، جبکہ دیگر رہنماؤں نے سابق حکومت کو وعدہ خلافی پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔