حیدرآباد: بھارتیہ جنتا پارٹی کی قومی نائب صدر اور محبوب نگر سے رکن پارلیمنٹ ڈی کے ارونا نے الزام عائد کیا ہے کہ کانگریس اور بی آر ایس عوام کے سامنے سیاسی ڈرامے کر رہے ہیں جبکہ پس پردہ ان کے درمیان Secret Pactموجود ہے۔
جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں ارونا نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان جاری “آنکھ مچولی” نے ان کے اصل تعلق کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ریونت ریڈی نے، جب وہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر تھے، بی آر ایس حکومت پر غیر قانونی فون ٹیپنگ، نگرانی، اور پرائیویسی کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا تھا۔
ارونا نے سوال اٹھایا کہ ریونت ریڈی، جو اب ریاست کے وزیراعلیٰ ہیں، اس حساس مسئلے پر اب خاموش کیوں ہیں؟ انہوں نے خاص طور پر ریڈی کے اس حالیہ بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر فون ٹیپنگ ہوئی ہوتی تو انہیں نوٹس موصول ہوتے۔ ارونا نے پوچھا کہ کیا ان کے سابقہ بیانات محض سیاسی اسکرپٹ تھے یا اب خاموشی کسی خفیہ معاہدے کا نتیجہ ہے؟
بی جے پی رہنما نے کہا کہ یہ تضاد اس امکان کو تقویت دیتا ہے کہ دونوں جماعتیں درپردہ ایک دوسرے سے ملی ہوئی ہیں اور عوام کے سامنے صرف سیاسی مخالفین کا تاثر دے رہی ہیں۔ انہوں نے اسے ایک “پیکیج ڈیل” قرار دیا اور کہا کہ کانگریس اور بی آر ایس کی حالیہ حرکات اس بات کی علامت ہیں کہ یہ محض دکھاوا ہے جبکہ اصل میں دونوں پارٹیوں کا آپسی تعاون جاری ہے۔




































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































