حیدرآباد: جیڈی میٹلہ پولیس نے منگل کے روز موبائل فون چھیننے والے ایک بدنام زمانہ Snatching Gangکے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے 9 موبائل فون، 2 موٹر سائیکلیں اور مجموعی طور پر 3.5 لاکھ روپئے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا۔
یہ گینگ جگدگیری گٹہ اور کوکٹ پلی کے رہائشیوں پر مشتمل ہے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی نگرانی کے ذریعہ گینگ کا سراغ لگایا۔ اہم پیش رفت 27 جولائی کو اس وقت ہوئی جب 21 سالہ ڈی. اکھیلا نے شبھم ہوٹل، شاپور نگر کے قریب موبائل چھینے جانے اور کان پر چوٹ لگنے کی شکایت درج کروائی۔
گرفتار افراد کی شناخت درج ذیل ہے:
آر. وجئے ناتھ عرف ورون (19)، کوکٹ پلی
آر. شیوا (21)، دینابندھو کالونی، جگدگیری گٹہ
آر. نریش نائیک (23)، انجیاہ نگر
کمار اور وینکٹ، دونوں جگدگیری گٹہ سے تعلق رکھتے ہیں
پولیس کے مطابق، یہ نوجوان میٹرو اسٹیشنز اور بس اسٹاپس کے قریب جمع ہو کر گانجہ اور شراب کا استعمال کرتے تھے۔ نشے کی حالت میں یہ لوگ کوکٹ پلی، جیڈی میٹلہ، مادھاپور اور موسیٰ پیٹ جیسے علاقوں میں گھوم کر خاص طور پر خواتین سے موبائل فون چھیننے کی وارداتیں انجام دیتے تھے۔
برآمد شدہ سامان میں ٹی وی ایس نٹورک 125 موٹر سائیکل بھی شامل ہے جو کے پی ایچ بی پولیس اسٹیشن میں درج ایک مقدمے سے متعلق ہے، جبکہ ایک اپاچی موٹر سائیکل جرم میں استعمال کی گئی تھی۔
یہ کارروائی اے سی پی ناگیش ریڈی (بالانگر ڈویژن) کی نگرانی میں انجام دی گئی، جس میں انسپکٹر جی. مالیش، ڈی آئی ایس. کاکایا اور ان کی ٹیم نے شرکت کی، جبکہ ڈی سی پی کے. سریش کمار اور ایڈیشنل ڈی سی پی وی. ستیہ نارائنا نے عمومی نگرانی کی۔
تمام ملزمان کے خلاف حیدرآباد اور سائبرآباد میں موبائل چھیننے اور گاڑی چوری کے ماضی میں مقدمات درج ہیں۔
