حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریوَنت ریڈی نے بدھ کے روز Kamareddyاور میدک اضلاع میں بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا جہاں لگاتار بارش نے سیلابی کیفیت پیدا کر دی ہے اور معمولات زندگی متاثر ہوگئے ہیں۔
وزیراعلیٰ مسلسل ضلع کلکٹرس اور سینئر عہدیداروں سے رابطہ میں ہیں اور موقع سے فوری رپورٹس حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کاماریڈی اور میدک کے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ زیادہ سے زیادہ چوکس رہیں اور سیلابی علاقوں میں رہنے والوں کی سلامتی کے لئے تمام احتیاطی اقدامات کریں۔
ریوَنت ریڈی نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لئے مکمل طور پر اسٹینڈ بائی پر رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی ضرورت ہو فوری طور پر راحتی کام شروع کئے جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو بروقت مدد فراہم کی جائے۔
انہوں نے چیف سکریٹری کے بی کے تھانو کو ہدایت دی کہ ڈیزاسٹر ریلیف ٹیموں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور ضرورت پڑنے پر اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی خدمات حاصل کریں۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی انتظامیہ خطرناک علاقوں سے لوگوں کو فوراً محفوظ مقامات پر منتقل کرے اور متاثرین کو پناہ، خوراک اور طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ہدایت دی کہ تالابوں اور آبپاشی کے ڈھانچوں پر سخت نگرانی رکھی جائے تاکہ شگاف نہ پڑے۔ نشیبی علاقوں میں صفائی مہم چلانے کی بھی تاکید کی گئی تاکہ پانی سے پھیلنے والی بیماریاں نہ بڑھیں۔
ریوَنت ریڈی نے ایک بار پھر واضح کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح انسانی جانوں کو بچانا اور متاثرہ عوام تک فوری امداد پہنچانا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بارش رکنے کے بعد ریاست مکمل تعاون فراہم کرے گی اور جلد از جلد حالات کو معمول پر لانے کی کوشش کی جائے گی۔
భారీ వర్షాలు కురుస్తున్న కామారెడ్డి, మెదక్ జిల్లాల్లో పరిస్థితిని ముఖ్యమంత్రి శ్రీ @revanth_anumula గారు ఎప్పటికప్పుడు అధికారులను అడిగి తెలుసుకుంటున్నారు. భారీ వర్షాల నేపథ్యంలో మెదక్, కామారెడ్డి జిల్లాల్లో యంత్రాంగం అప్రమత్తంగా ఉండాలని ఆ జిల్లాల కలెక్టర్లను ముఖ్యమంత్రి గారు… https://t.co/NEKirG988s
— Telangana CMO (@TelanganaCMO) August 27, 2025
