Read in English  
       
SBI

حیدرآباد: ضلع منچیریال کے چنور ٹاؤن میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا SBIکے ایک کیشئر 80 لاکھ روپئے نقد اور تقریباً 2 کروڑ مالیت کے سونے کے زیورات لے کر لاپتہ ہوگئے۔

یہ واقعہ ایس بی آئی چنور برانچ 2 میں پیش آیا جہاں کیشئر ناریگے رویندر روزانہ کی بینکنگ کارروائیوں کے ذمہ دار تھے۔ حکام کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے لاکر کی چابیاں اسی کے پاس تھیں۔ واقعہ کے دن رویندر نے برانچ کو اندر سے مقفل کیا اور نقدی و سونا لے کر غائب ہوگیا۔

بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوتے ہی بینک حکام اور پولیس نے تفتیش شروع کردی۔ پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں کیشئر کے ساتھ ساتھ برانچ منیجر کا کردار بھی زیر تحقیقات ہے۔ آڈٹ انسپیکشن کے ذریعے نقصان کی اصل تفصیل اور ضابطہ جاتی کوتاہیوں کا پتہ لگایا جارہا ہے۔

جمعہ کے روز پولیس اور بینک حکام نے برانچ میں تفتیشی کارروائی جاری رکھی اور آڈٹ کے دوران احاطے کو سیل کردیا۔ اس واقعہ نے بینکنگ نظام میں سیکورٹی اور نگرانی کے اقدامات پر سنگین سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔