حیدرآباد : تلنگانہ کے رہائشی گروکل اداروں میں طلبہ کی خودکشی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ جاری ہے۔ تازہ ترین واقعہ آرمور ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں ایک 17 سالہ انٹرمیڈیٹ طالبعلم نے ہفتہ کی صبح خودکشی کر لی۔
متوفی کی شناخت گڈّم سنتوش کے طور پر ہوئی ہے، جو ضلع کاماریڈی کے نظام ساگر منڈل کے آری پلی گاؤں سے تعلق رکھتا تھا اور آرمور گروکل کالج میں زیر تعلیم تھا۔
ہاسٹل میں رہنے والے ساتھی طلبہ کے مطابق سنتوش نے حسب معمول صبح اٹھ کر ساتھیوں سے بات چیت کی اور روزمرہ کاموں سے فارغ ہوکر باہر گیا۔ کچھ ہی دیر بعد کالج کے قریب ایک درخت سے اس کی لاش لٹکی ہوئی ملی۔
یہ واقعہ گذشتہ چار دنوں میں تلنگانہ کے گروکل اداروں میں رپورٹ ہونے والی پانچویں طالبعلم کی خودکشی ہے، جب کہ سال 2025 میں اب تک ایسے آٹھ افسوسناک واقعات پیش آ چکے ہیں۔
پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے تاہم اب تک وجوہات کی مکمل تصدیق نہیں ہو سکی۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































