حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں جونیئر ڈاکٹروں نے انتباہ دیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پر فوری کارروائی نہ کی گئی تو وہ 30 جون سے تمام میڈیکل کالجوں میں ریاست گیر احتجاج کا آغاز کریں گے۔
[en]Junior Doctors Strike[/en] کے پیش نظر تلنگانہ جونیئر ڈاکٹرس اسوسی ایشن کے صدر مدن کمار نے کہا کہ حکومت مسلسل وظائف (stipends) کی ادائیگی میں تاخیر کر رہی ہے اور ان کی رقم میں نظرثانی کے مطالبے پر بھی کوئی سنجیدہ اقدام نہیں کیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر سرکاری اور خانگی میڈیکل کالجوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری اور فیکلٹی کی بھرتیوں کا مسئلہ بھی حل کرنا ہوگا۔
اس سے قبل بھی جونیئر ڈاکٹروں نے احتجاج کا انتباہ دیا تھا، تاہم وزیر صحت دامود ر راجہ نرسمہا نے مذاکرات کے ذریعہ مسئلہ حل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ہڑتال کو مؤخر کروایا تھا۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اگر اس مرتبہ بھی کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا تو ریاست کے تمام میڈیکل اداروں میں علامتی مظاہروں کے ساتھ خدمات کو معطل کرنے پر مجبور ہوں گے۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































