حیدرآباد: سائبرآباد پولیس نے چندانگر میں 12 اگست کو پیش آنے والی دن دہاڑے مسلح ڈکیتی کے سلسلے میں تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق دو ملزمین کو کرناٹک کے بیدر سے اور ایک کو مہاراشٹرا کے پونے سے حراست میں لیا گیا۔ تینوں کا تعلق بہار سے ہے اور انہیں مزید تفتیش کے لیے حیدرآباد منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ یہ گروہ کاروباری اوقات میں Khazana Jewelleryکے شو روم میں داخل ہوا، ڈپٹی منیجر پر گولی چلائی، ڈسپلے کاؤنٹر توڑ دیے اور سونے کے زیورات کو تین تھیلوں میں بھر کر موٹر سائیکلوں پر فرار ہوگیا۔ فرار سے قبل ملزمین نے شواہد مٹانے کے لیے اسٹور میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں پر بھی فائرنگ کی۔
تحقیقات سے پتہ چلا کہ ملزمین واردات سے ایک ماہ قبل بہار سے حیدرآباد آئے تھے اور جگد گیری گٹہ میں ایک شیشہ سازی کے کارخانے میں کام کرتے ہوئے مقیم تھے۔ وہ بہار سے اسلحہ اسمگل کر کے لائے اور کئی دنوں تک جیولری اسٹور کی نگرانی کرنے کے بعد ڈکیتی کو عملی جامہ پہنایا۔ واردات کے بعد یہ گروہ شہر سے فرار ہوگیا۔



















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































