حیدرآباد: سکندرآباد کے گوپالاپورم علاقہ میں پولیس نے ایک نطفہ مرکز پر چھاپہ مار کر مبینہ Sperm Collection Racketکا انکشاف کیا، جس کے دوران مالک پنکج پٹیل اور ایک مینیجر کو پوچھ تاچھ کے لیے حراست میں لے لیا گیا۔
یہ مرکز ‘انڈین اسپرم ٹیک’ کے نام سے چلایا جا رہا تھا اور مقامی عوام کو ابتدا میں اسے خون جمع کرنے والا مرکز بتایا گیا تھا، جب کہ اندرون عمارت واضح طور پر ‘نطفہ جمع کرنے کا مرکز’ درج تھا۔
مقامی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے گوپالاپورم پولیس نے CLUES یونٹ کے ماہرین کے ساتھ مل کر چھاپہ مارا اور درجنوں نطفہ و انڈے دینے والے افراد کے ناموں پر مشتمل دستاویزات ضبط کیے۔
عینی شاہدین کے مطابق کارروائی کے وقت آٹھ نرسیں اور چار دیگر ملازمین موجود تھے، جو مبینہ طور پر نطفہ جمع کرنے کے عمل میں مصروف تھے۔ پہلی بار نطفہ دینے والوں کو 500 روپئے ، دوسری بار والوں کو 600 روپئے دیے جا رہے تھے، جب کہ باقاعدگی سے دینے والوں کو زیادہ رقم کی پیشکش کی جاتی تھی۔
نمونے خصوصی کولنگ ڈرمز میں محفوظ کیے جاتے اور رپورٹ کے مطابق 48 گھنٹوں کے اندر منتقل کیے جاتے تھے۔
علاقہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ مرکز کم از کم دو ماہ سے سرگرم تھا، اور انہیں اس کی اصل نوعیت کے بارے میں لاعلم رکھا گیا۔ ایک دکاندار نے بتایا کہ ہمیں صرف یہی کہا گیا تھا کہ یہ نمونہ جمع کرنے کی لیب ہے، نطفہ مرکز ہونے کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔
پولیس اب اس مرکز کے لائسنس، چلانے والوں کی طبی قابلیت اور جمع شدہ حیاتیاتی مواد کے مصرف کی قانونی حیثیت کا جائزہ لے رہی ہے۔ افسران نے بتایا کہ اس بات کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے کہ آیا ادارہ تولیدی نمونوں کی ہینڈلنگ کے لیے مجاز تھا یا نہیں، اور طبی یا قانونی ضوابط کی خلاف ورزی تو نہیں ہوئی۔


















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































