حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے جمعہ کو پولٹری صنعت کے وفد سے ملاقات کے دوران پولٹری انڈیا ایکسپو 2025 کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفد میں انڈین پولٹری ایکوپمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر اُدے سنگھ بایاس، فاؤنڈر صدر پی۔ چکرادھر راؤ اور خزانچی ایم۔ شری کانت شامل تھے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو آئندہ ایکسپو کی افتتاحی تقریب کیلئے باضابطہ دعوت بھی دی۔
وزیر مویشی پالن واکیٹی سری ہری نے بھی وفد سے ملاقات کی اور کہا کہ ریاست اس صنعت کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ تلنگانہ پولٹری فیڈریشن کے صدر کے۔ موہن ریڈی اور نائب صدر وی۔ نرسِمہا ریڈی بھی وفد کا حصہ تھے۔
پولٹری انڈیا ایکسپو میں عالمی جدت کی نمائش | Poultry Expo
ریاستی قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ تلنگانہ ملک کا ’’پولٹری کیپٹل‘‘ ہے، جہاں پیداوار، آلات سازی اور متعلقہ شعبوں میں نمایاں ترقی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سرپرستی پولٹری ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے اور جدت کو فروغ دینے کیلئے ضروری ہے۔
وفد کے مطابق 17ویں پولٹری انڈیا ایکسپو 2025 میں ہزاروں مندوبین، نمائش کنندگان اور بین الاقوامی نمائندگان شرکت کریں گے۔ اس موقع پر تیزی سے ترقی کرتی پولٹری صنعت کی نئی ٹیکنالوجیز، جدید رجحانات اور عالمی حل پیش کیے جائیں گے۔
