حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے جمعرات کو دہلی میں مرکزی وزیر برائے ریلوے و اطلاعات ٹیکنالوجی اشونی ویشنو سے ملاقات کی اور ریاست کے اہم ریلوے منصوبوں Telangana Railway Projectsاور زیر التوا آئی ٹی تجاویز کی فوری منظوری کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر وزراء اُتم کمار ریڈی اور سری دھر بابو بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس ملاقات کے دوران ریونت ریڈی نے خاص طور پر حیدرآباد کے اطراف علاقائی رنگ ریلوے نظام کے قیام پر زور دیا اور اس منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے مرکزی تعاون کی درخواست کی۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو کے ساتھ مرکزی وزیر جل شکتی سی آر پاٹل سے ملاقات کی تھی، جس میں دونوں ریاستوں کے درمیان حل طلب آبی تنازعات پر تبادلہ خیال ہوا۔
ریونت ریڈی کی آج مزید مرکزی وزراء سے ملاقات متوقع ہے۔ ان کا دہلی دورہ اس وقت سیاسی اہمیت اختیار کر گیا ہے جب کہ تلنگانہ میں پسماندہ طبقات کے لیے تحفظات کے مسئلے پر بحث زور پکڑ رہی ہے۔



























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































