حیدرآباد: Hyderabad Rains نے بدھ کی سہ پہر شہر کے کئی علاقوں میں اچانک تباہی مچا دی۔ یوسف گوڑہ، مدھورانگر، عنبرپیٹ، ایس آر نگر، پنجہ گٹہ، ایرہ گڈہ، صنعت نگر، جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز اور نامپلی سمیت متعدد مقامات پر موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
پرانے شہر کے علاقوں ملک پیٹ، سعیدآباد، سرور نگر، سنتوش نگر، بہادر پورہ، کشن باغ، پرانا پل اور زو پارک میں بھی شدید بارش ہوئی۔ سڑکوں پر پانی جمع ہو جانے کے باعث ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہوئی، اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
4 روزہ ایلو الرٹ، مزید بارش کا امکان
محکمہ موسمیات حیدرآباد کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران جنوبی حیدرآباد میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے۔ خاص طور پر شیخ پیٹ، آصف نگر، نامپلی، مہدی پٹنم، راجندر نگر، چارمینار، سعیدآباد، سرور نگر اور ایل بی نگر کے مکینوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے Telangana کے تقریباً تمام اضلاع میں 4 روزہ ایلو الرٹ جاری کیا ہے، جو 14 ستمبر تک مؤثر رہے گا۔ اس پیش قیاسی کے مطابق کئی علاقوں میں موسلادھار بارش، طوفانی ہوائیں اور گرج چمک کا امکان ہے۔ صرف گدوال، ونپرتی اور ناگر کرنول اضلاع کو اس تنبیہ سے خارج کیا گیا ہے۔
حیدرآباد کے لیے خاص طور پر 12 اور 13 ستمبر کو شدید بارش اور تیز ہواؤں کے ساتھ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں درجہ حرارت میں بھی کمی دیکھی گئی ہے، جو آئندہ دنوں میں مزید کم ہو سکتا ہے۔
