حیدرآباد: لنگر حوض کے مکین اتوار کی شام خوفزدہ ہو گئے جب موسی ندی کے کنارے ایک Crocodileکو دیکھا گیا۔ مقامی افراد کے مطابق اس سیزن میں ندی میں یہ تیسرا موقع ہے جب مگرمچھ نظر آیا ہے۔
ندی کنارے کھیلنے والے بچوں نے سب سے پہلے مگرمچھ کو ایک بڑے پتھر پر آرام کرتے دیکھا اور فوراً قریبی رہائشیوں کو اطلاع دی۔ چند منٹوں میں ہی وہاں بھیڑ جمع ہوگئی۔ کئی افراد نے اس منظر کو اپنے موبائل فون میں قید کر لیا اور بعد میں محکمہ جنگلات و پولیس کو اطلاع دی۔
موسی ندی میں مگرمچھ، حمیات ساگر سے پانی کے اخراج کے بعد بہاؤ میں اضافہ
اس سے قبل بھی اس ماہ کی ابتدا میں موسی ندی کے کشن باغ، اسد بابا نگر اور چیتنیہ پوری علاقوں میں مگرمچھ دیکھے گئے تھے۔ مقامی باشندوں کا ماننا ہے کہ حمیات ساگر سے پانی کے اخراج کی وجہ سے ندی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے، جس کے نتیجے میں مگرمچھ زیادہ نقل و حرکت کر رہے ہیں۔
ندی کنارے رہنے والے لوگ اپنی اور اپنے بچوں کی حفاظت کو لے کر پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بار بار کے ان واقعات نے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































