حیدرآباد: حیدرآباد کے رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں اراضی کی قیمتیں نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں جب کے پی ایچ بی (Kukatpally Housing Board) کے علاقے میں ایک اہم پلاٹ 70 کروڑ روپئے فی ایکڑ کے حساب سے فروخت ہوا۔ یہ نیلامی بدھ کو KPHBکی جانب سے ای آکشن کے ذریعے کی گئی، جس سے ایک ہی دن میں ریاستی حکومت کو 547 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہوئی۔
نیلامی میں کے پی ایچ بی کی 7.8 ایکڑ سرکاری اراضی شامل تھی۔ ہاؤسنگ بورڈ نے فی ایکڑ 40 کروڑ روپئے کی بنیاد قیمت مقرر کی تھی، لیکن بڑی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کے درمیان سخت مقابلے کے باعث قیمت بڑھ گئی۔ بولی کا عمل تین گھنٹے تک جاری رہا اور 46 مرتبہ قیمت میں اضافہ ہوا، بالآخر گودریج پراپرٹیز نے 70 کروڑ فی ایکڑ کی بولی لگا کر زمین حاصل کی۔
ہاؤسنگ بورڈ کے وائس چیئرمین وی پی گوتم کے مطابق نیلامی میں گودریج پراپرٹیز کے ساتھ آرو بِنڈو ریئلٹی، پریسٹیج اسٹیٹس اور اشوکا بلڈرز جیسی بڑی کمپنیاں بھی شریک رہیں۔
ریاستی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اس فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کو غریب اور متوسط طبقے کے لیے ہاؤسنگ اسکیموں پر خرچ کیا جائے گا۔ اس رقم کو اندرماں ہاؤسنگ پروگرام کے لیے مختص کیا جائے گا جس کے تحت مستحقین کو مکان کی تعمیر کے لیے 5 لاکھ روپئے کی مالی امداد دی جاتی ہے۔
علاوہ ازیں، راجیو سواگروہا کارپوریشن نے پوچارم اور گجولارامارم ٹاؤن شپ میں تین نامکمل ٹاور فروخت کر کے 70.11 کروڑ روپئے حاصل کیے۔










































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































