حیدرآباد: تلنگانہ میں آج ریاست گیر سطح پر Free Bus Celebrationsکی 200 کروڑ سواریوں کی تکمیل پر تقاریب کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے، جو کہ مہالکشمی اسکیم کے تحت خواتین کی سہولت کیلئے شروع کی گئی تھی۔
حکومت نے منگل کو اس اہم سنگ میل کا اعلان کیا، اور ریاست کے تمام ٹی ایس آر ٹی سی ڈپوز، بس اسٹیشنوں اور ریجنل دفاتر میں جشن منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈرائیور، کنڈکٹر، ٹریفک اسٹاف اور سکیورٹی عملہ کو، جنہوں نے اسکیم کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا، خصوصی اعزازات دیے جائیں گے۔ ان تقاریب کی قیادت ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کریں گے۔
مہالکشمی اسکیم کا آغاز کانگریس حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد کیا گیا تھا، جس کے تحت خواتین کو ریاست بھر میں آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت دی گئی ہے۔ 23 جولائی 2025 تک خواتین کی جانب سے مجموعی طور پر 200 کروڑ مفت سفر مکمل کیے جا چکے ہیں، جس سے اندازاً 6,700 کروڑ روپئے کرایوں میں بچت ہوئی ہے۔
فی الحال یومیہ اوسطاً 30 لاکھ خواتین اس سہولت سے استفادہ کر رہی ہیں۔
اس موقع پر اپنے پیغام میں وزیر پونم پربھاکر نے تمام خواتین مسافروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ اسکیم خواتین کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کا ذریعہ بن چکی ہے۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































