حیدرآباد: چیف منسٹر ریونت ریڈی کو جمعہ کے روز تلنگانہ ہائی کورٹ سے بڑی قانونی راحت ملی، جب عدالت نے ان کے خلاف درج فوجداری مقدمہ Revanth Reddy Caseکو خارج کر دیا۔ یہ مقدمہ بی جے پی کے ایک لیڈر کی شکایت پر درج کیا گیا تھا۔
بی جے پی لیڈر کسم وینکٹیشورلو نے ریونت ریڈی پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے 4 مئی 2023 کو کھمم ضلع کے کوتہ گڈم میں ایک جلسہ عام کے دوران بی جے پی پر ریزرویشن ختم کرنے کا ارادہ رکھنے کا الزام لگایا، جس سے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔
اس شکایت کی بنیاد پر عوامی نمائندوں کے لیے قائم خصوصی عدالت میں مقدمہ زیرِ سماعت تھا۔ ریونت ریڈی نے ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے اس مقدمہ کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
اس سے قبل اسی ہفتے ریونت ریڈی کو سپریم کورٹ سے بھی راحت ملی تھی، جہاں گوپن پلی میں نجی اراضی تنازعہ سے متعلق ایک عرضی کو چیف جسٹس کی بنچ نے مسترد کر دیا تھا۔ مذکورہ عرضی این۔ پیدی راجو کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
ریونت ریڈی کے لیے حالیہ عدالتی فیصلے سیاسی اور قانونی سطح پر اہم کامیابیاں سمجھی جا رہی ہیں۔












































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































