حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن کارڈز کی اجرائی سے متعلق کانگریس حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے نئے جی او 252 کو لے کر صحافی برادری میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں غور و خوض کیلئے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن کے زیر اہتمام ایک اہم اجلاس میڈیا پلس آڈیٹوریم، گن فاؤنڈری میں منعقد ہوا، جس میں ریاستی اور ضلعی عہدیداران نے بھرپور شرکت کی۔
اجلاس کی صدارت فیڈریشن کے ریاستی صدر ایم اے ماجد نے کی۔ اس موقع پر ریاستی ذمہ داران نے نئے جی او 252 کے مختلف نکات، اس کے ممکنہ فوائد اور نقصانات سے شرکاء کو تفصیل کے ساتھ واقف کروایا۔ ساتھ ہی اضلاع سے آئے ذمہ داران سے تجاویز حاصل کی گئیں تاکہ اس معاملے پر مشترکہ اور مؤثر موقف اختیار کیا جا سکے۔
جی او 252 پر تحفظات | Journalist Accreditation
اجلاس میں ریاستی جنرل سکریٹری سید غوث محی الدین، نائب صدور ایم اے کے فیصل، سید عظمت علی شاہ اور سید احمد جیلانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جی او 252 نہ صرف اردو بلکہ تلگو صحافیوں کے مفادات کے بھی خلاف ہے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ارکان اسمبلی اور حکومتی عہدیداران سے مؤثر نمائندگی ناگزیر ہے۔
اجلاس کی کارروائی آرگنائزنگ سکریٹری محمد امجد نے چلائی، جبکہ اجلاس کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت اور نعت شریف سے ہوا۔ اس موقع پر صحافیوں کی مؤثر نمائندگی کیلئے ایک مضبوط ٹریڈ یونین کے قیام کا اعلان بھی کیا گیا۔ ساتھ ہی یقین دہانی کرائی گئی کہ ضلعی سطح پر فیڈریشن سے وابستہ ایک صحافی کو ایکریڈیٹیشن کمیٹی کیلئے منتخب کروانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
حکم نامے کی مذمت | Journalist Accreditation
اجلاس میں شریک تمام ذمہ داران نے متفقہ طور پر کہا کہ جی او 252 صحافیوں کے مفادات کے خلاف ہے، جسے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن سختی سے مسترد کرتی ہے اور اس کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ فیڈریشن نے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے حق میں بہتر، منصفانہ اور جامع احکامات جاری کیے جائیں اور تمام زبانوں کے صحافیوں کے ساتھ یکساں انصاف کو یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر اسمال اینڈ میڈیم نیوز پیپرس اسوسی ایشن کے صدر و ایڈیٹر اسکائی لائن رنگاسائی نے حکم نامہ 252 کو سیاہ قانون قرار دیتے ہوئے اس سے ہونے والے نقصانات کی وضاحت کی۔ اجلاس میں فیڈریشن کے خازن ایم اے محسن، جوائنٹ سکریٹریز، آرگنائزنگ سکریٹریز اور ارکان عاملہ شیخ خلیل فرہاد، ایم اے لیئق، سید واجد حسینی، نعیم غوری اور خالد شہباز کے علاوہ ریاستی کور کمیٹی کے ارکان، اضلاع کے نمائندے، صدور اور معتمدین شریک ہوئے۔
بعد ازاں فیڈریشن کے ایک وفد نے میڈیا اکیڈیمی کے صدرنشین کے سرینواس ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے جی او 252 میں مجوزہ ترمیمات سے متعلق ایک میمورنڈم حوالے کیا۔ اس موقع پر اضلاع کے ارکان بھی موجود تھے۔ اجلاس کے اختتام پر سید واجد حسینی نے اظہار تشکر کیا۔




























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































