حیدرآباد: بھدرا دری کوتہ گوڑم پولیس نے ٹرانسفارمر سے Copper Theft Gangکو بے نقاب کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا اور 258 کلوگرام چوری شدہ دھات، گاڑیاں اور موبائل فون ضبط کیے۔ ملزمان کی شناخت کیلا درگا پرساد، منتری درگا پرساد، چنتا پلی شیوا، گنگالا گنیش اور کوراگٹو ناگراجو کے طور پر ہوئی۔
پولیس کے مطابق یہ گروہ منظم طریقے سے کام کرتا تھا۔ دن کے وقت کوتہ گوڑم اور ملوگ اضلاع کے کھیتوں والے علاقوں کا جائزہ لیتا اور رات میں کھیتوں کے قریب نصب ٹرانسفارمرز کو نقصان پہنچا کر تانبہ نکالتا۔ چوری شدہ تانبہ اور لوہے کے پرزے کباڑیوں کو فروخت کیے جاتے تھے۔
تحقیقات سے پتہ چلا کہ یہ گینگ چوری شدہ تانبہ پلونچا کے ایک مقام پر اس وقت تک ذخیرہ کرتا جب تک بڑی مقدار میں جمع نہ ہو جائے، اس کے بعد اسے حیدرآباد منتقل کرکے فروخت کرتا۔ ملزمان نے ڈموگوڑم، برگمپہاڑ، اشواپورم، منوگورو، پاسرا، منگاپیٹ اور پناپکا منڈل کے ٹرانسفارمرز، بشمول سنگاریڈی پالی لفٹ اریگیشن یونٹس کو بھی نشانہ بنایا۔
پولیس نے چنتا پلی شیوا کے گھر سے 258 کلوگرام تانبہ، ایک کیا کار (رجسٹریشن نمبر TG28B 3999)، ایک غیر رجسٹرڈ پرانا اسکوٹر اور پانچ موبائل فون برآمد کیے۔ اس کارروائی میں سب ڈویژنل ڈی ایس پی رویندر ریڈی، انسپکٹر وینکٹیشورلو، ایس آئی سریش اور دیگر عملہ شامل تھا۔



















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































