حیدرآباد: بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے اتوار کو مرکز اور تلنگانہ حکومت پر سخت تنقید کی کہ ایس ایل بی سی سرنگ حادثے کو 200 دن گزرنے کے باوجود دونوں حکومتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ اس حادثے میں آٹھ مزدور جاں بحق ہوئے تھے، جن میں سے چھ کی لاشیں آج تک برآمد نہیں کی جا سکیں۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کے ٹی راما راؤ نے ریاستی کانگریس حکومت کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی انتظامیہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں کی مدد میں ناکام رہی بلکہ ابھی تک لاشوں کو بھی نکالنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔
متاثرہ خاندان انصاف سے محروم
کے ٹی آر نے لکھا کہ بدعنوان ریونت حکومت نے نہ تو لاشیں نکالیں، نہ ہی سوگوار خاندانوں کی کوئی مدد کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے 6 مہینے گزرنے کے باوجود ریاستی اور مرکزی حکومت دونوں نے اس المناک واقعے کو نظرانداز کر دیا ہے۔
انہوں نے مرکزی حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ کلیشورم پراجیکٹ کے معمولی مسائل پر مرکزی ٹیمیں فوراً حرکت میں آ جاتی ہیں، لیکن ایس ایل بی سی سرنگ حادثے کی تحقیقات کے لیے کسی ٹیم کو نہیں بھیجا گیا۔
مرکز کانگریس کی محافظ کیوں؟ کے ٹی آر کا سوال
کے ٹی راما راؤ نے سوال اٹھایا کہ بی جے پی ہمیشہ تلنگانہ میں کانگریس کی حفاظت کیوں کرتی ہے؟ کیا دونوں جماعتوں کے درمیان کوئی غیر اعلانیہ مفاہمت ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں اگر بی آر ایس حکومت برسر اقتدار آئی تو وہ اس معاملے پر انصاف کو یقینی بنائے گی۔ تمام ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور متاثرہ خاندانوں کو مکمل معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔
یہ تنقیدی بیان ایسے وقت آیا ہے جب نہ ریاستی حکومت اور نہ ہی مرکز نے اس اندوہناک حادثے پر کوئی باضابطہ پیشرفت کی ہے، حالانکہ یہ واقعہ آبپاشی کے ایک اہم منصوبے کے دوران پیش آیا تھا۔
More than 200 days since the Srisailam Left Bank Canal tunnel collapsed, killing 8 hapless workers due to the criminal negligence of the corrupt Revanth Govt
This inefficient Congress govt couldn’t even retrieve the bodies of 6 victims, and hasn’t paid any compensation to the… pic.twitter.com/Rl11OwVJvf
— KTR (@KTRBRS) September 14, 2025











































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































