حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ فار وائلڈ لائف نے Kawal Tiger Reserveمیں بھاری گاڑیوں کی آمدورفت کی منظوری دے دی ہے، جس کے ساتھ ہی ٹائیگر کے تحفظ کے لیے عائد ایک دہائی پرانی پابندی ختم ہو گئی۔ حالیہ اجلاس میں بورڈ نے صبح 6 بجے سے رات 9 بجے تک گاڑیوں کی آمدورفت کی اجازت دی، جو ماحولیاتی ٹول کی ادائیگی سے مشروط ہوگی۔
بھاری گاڑیاں جو 10 ٹن یا اس سے زیادہ سامان لے جائیں گی، ان سے فی سفر 150 روپئے وصول کیے جائیں گے، جبکہ کاروں سے 50 روپئے ٹول لیا جائے گا۔ بھاری ٹریفک پر یہ پابندی 2012 میں ریزرو کے قیام کے وقت سے نافذ تھی۔
مقامی عوام طویل عرصے سے حکومت سے پابندی ہٹانے کا مطالبہ کر رہے تھے، کیونکہ اس سے سفر میں دشواری پیش آتی تھی۔ محکمہ جنگلات نے اثرات کا سروے کرنے کے بعد یہ تبدیلی تجویز کی۔
کوال ٹائیگر ریزرو کا کور زون 893 مربع کلومیٹر پر محیط ہے، جبکہ 1,120 مربع کلومیٹر کا بفر زون آدلا باد، کومرم بھیم آصف آباد، نرمل اور منچریال اضلاع کے جنگلات پر مشتمل ہے۔ یہ ریزرو، جس میں 675 پودوں کی اقسام پائی جاتی ہیں، بھارت کا 41واں ٹائیگر ریزرو اور ملک کا 12واں سب سے بڑا ریزرو ہے۔



































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































