حیدرآباد: تلنگانہ کی وزیر سیتکّا نے بدھ کے روز بی آر ایس ایم ایل سی کے کویتا کے حالیہ بیانات کو محض “کے سی آر خاندان کا خاندانی ڈرامہ” قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ Seethakkaکا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعلیٰ کے خاندان میں یہ پھوٹ کالیشورم پراجیکٹ کی بدعنوانیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے رچائی جا رہی ہے۔
سیتکّا کا الزام: کالیشورم بدعنوانی چھپانے کی کوشش
میڈیا سے بات کرتے ہوئے Seethakkaنے سوال اٹھایا کہ کے چندر شیکھر راؤ جو خود کو تلنگانہ کا باپ کہتے ہیں، کیا اب اتنے کمزور ہو گئے ہیں کہ اپنے ہی گھر کے جھگڑوں کو سلجھا نہیں سکتے؟ انہوں نے کہا کہ کیا وہ اس مقام پر پہنچ گئے ہیں کہ چار افراد کو ایک ساتھ بٹھا کر بات نہیں کر سکتے؟
سیتکّا نے الزام لگایا کہ جیسے ہی کالیشورم کی بدعنوانیاں منظرِ عام پر آئیں، خاندان نے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے جھگڑے شروع کر دیے۔ ان کے مطابق یہ سب غیر قانونی دولت اور جائیداد کی تقسیم کے اختلافات کا نتیجہ ہے۔
کویتا کے الزامات پر بی آر ایس کی خاموشی پر سوال
کویتا کے اس الزام کا حوالہ دیتے ہوئے کہ سنتوش راؤ نے اپنے مبینہ بے نامی پوچم پلی سرینواس ریڈی کے ذریعے کروڑوں روپئے اکٹھے کیے، سیتکّا نے پوچھا کہ بی آر ایس اس پر خاموش کیوں ہے؟ انہوں نے کہا کہ یہی سرینواس ریڈی نے ملگو حلقے میں مجھے شکست دینے کے لیے بھاری رقم خرچ کی تھی۔ اگر کویتا صحیح کہہ رہی ہیں تو پارٹی ان بے نامی جائیدادوں پر وضاحت کیوں نہیں دیتی؟
بی آر ایس خواتین قائدین کو انتباہ
سیتکّا نے کہا کہ کویتا کی پارٹی سے معطلی کے ٹی راما راؤ کی حمایت کے بغیر ممکن نہیں تھی۔ پہلے انہوں نے کے ٹی آر کو نشانہ بنایا اور اب وہ ہریش راؤ اور سنتوش راؤ کے خلاف ہو گئی ہیں۔ ان کے مطابق کے ٹی آر کا نام گھسیٹنا بھی ایک بڑے ڈرامے کا حصہ ہے۔
انہوں نے بی آر ایس کی خواتین قائدین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کویتا کے خلاف بیان بازی میں احتیاط کریں کیونکہ ممکن ہے کل کو کے سی آر خاندان دوبارہ متحد ہو جائے۔ اگر آج سخت باتیں کی گئیں تو بعد میں ان خواتین کو ہی نقصان اٹھانا پڑے گا۔






































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































