Read in English  
       
PAN 2.0

حیدرآباد: انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے ملک بھر میں مستقل اکاؤنٹ نمبر (پین) اور ٹیکس اکاؤنٹ نمبر (TAN) سے متعلق تمام خدمات کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لانے کے لیے “PAN 2.0” کے نام سے ایک جدید منصوبے کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس 1,435 کروڑ روپئے مالیت کے منصوبے کے لیے ایل ٹی آئی مائنڈٹری کو منیجڈ سروس فراہم کنندہ مقرر کیا گیا ہے۔

فی الوقت پین سے متعلق خدمات تین مختلف پورٹلز—ای فائلنگ، یو ٹی آئی آئی ٹی ایس ایل، اور پروٹین ای گَو—کے ذریعہ انجام دی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے دہرا پن اور کنفیوژن پایا جاتا ہے۔ نیا نظام ان تمام خدمات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر ضم کر دے گا، جس میں پین جاری کرنے، تفصیلات کی ترمیم، آدھار-پین لنکنگ، دوبارہ پرنٹنگ، اور آن لائن تصدیق جیسی سہولیات شامل ہوں گی۔

ایک سینئر عہدیدار کے مطابق، ایل ٹی آئی مائنڈٹری اس منصوبے کے ڈیزائن، ترقی، تعیناتی اور انتظام کی ذمہ داری سنبھالے گا۔ کابینی اقتصادی امور کمیٹی نے نومبر 2024 میں اس منصوبے کے لیے فنڈنگ منظور کی تھی، اور یہ پلیٹ فارم آئندہ 18 مہینوں میں عوام کے لیے دستیاب ہو جائے گا۔

پین 2.0 کے تحت تمام خدمات مکمل طور پر کاغذی کارروائی سے آزاد ہوں گی اور بغیر کسی فیس کے فراہم کی جائیں گی۔ صارفین کو ای-پین براہِ راست ان کے رجسٹرڈ ای میل پتے پر موصول ہوگا۔

ایل ٹی آئی مائنڈٹری کے ترجمان نے کہا کہ ان کے لیے یہ ایک اعزاز کی بات ہے کہ وہ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے اس بڑے ڈیجیٹل اپ گریڈ کی قیادت کر رہے ہیں۔

ملک میں اس وقت 81.24 کروڑ سے زائد فعال پین کارڈز اور 73 لاکھ سے زیادہ ٹی اے اینس موجود ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ موجودہ پین ہولڈرز کو نئے نظام میں دوبارہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس اعلان کے بعد ایل ٹی آئی مائنڈٹری کے حصص میں 1.42 فیصد کا اضافہ ہوا اور بی ایس ای پر قیمت 5,088.25 روپئے پر بند ہوئی۔