حیدرآباد: لمپی اسکِن بیماری Lumpy Skin Diseaseاس سال اب تک ملک کی دس ریاستوں میں مویشیوں میں پائی گئی ہے، جبکہ فعال کیسز مہاراشٹرا اور گجرات تک محدود ہیں۔ مرکزی حکومت نے راجیہ سبھا میں اس حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ گجرات کے آٹھ اضلاع میں 300 سے زائد مویشی اس بیماری سے متاثر پائے گئے ہیں۔
وزیر مملکت برائے ماہی گیری، حیوانات و ڈیری، پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل نے ایک تحریری بیان میں کہا کہ 24 جولائی 2025 تک آندھرا پردیش، تلنگانہ، تمل ناڈو، کیرالا، کرناٹک، مہاراشٹرا، گجرات، مدھیہ پردیش، آسام اور میزورم میں لمپی اسکِن بیماری کے واقعات درج کیے گئے ہیں۔
مرکزی وزیر کے مطابق 2022 سے اب تک 28 کروڑ سے زائد مویشیوں کو لمپی بیماری سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ اس میں اترپردیش 4.6 کروڑ خوراکوں کے ساتھ سرفہرست ہے، جس کے بعد مہاراشٹرا 4.13 کروڑ اور مدھیہ پردیش 3 کروڑ ویکسینز کے ساتھ شامل ہیں۔
یہ وائرل بیماری عام طور پر مچھروں، جوئیں، اور دیگر کیڑوں کے ذریعے پھیلتی ہے، جس سے مویشیوں کو بخار، جلد پر گلٹیاں، غدود کی سوجن، دودھ کی پیداوار میں کمی اور چلنے پھرنے میں دشواری جیسے مسائل پیش آتے ہیں۔
گزشتہ دو برسوں میں ملک بھر میں تقریباً 2 لاکھ مویشی اس بیماری سے ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ لاکھوں کو معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
حکومت ہند نے ریاستوں کو ’جانوروں کی بیماریوں پر قابو پانے کے لیے امداد‘ (ASCAD) اسکیم کے تحت مالی تعاون فراہم کیا ہے۔ رواں مالی سال 2024-25 میں اب تک ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ویکسینیشن اور روک تھام کے اقدامات کے لیے 196.61 کروڑ روپئے جاری کیے جا چکے ہیں۔







































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































